بنگلہ دیش انڈر 19 کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

تمام چھ میچز 4 سے 18 نومبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے


ویب ڈیسک October 17, 2022
فوٹو : ٹویٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش انڈر19 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

مہمان اسکواڈ ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے یکم سے 19 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ تمام چھ میچز 4 سے 18 نومبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے، محدود طرز کے میچز 45 اوورز پر مشتمل ہوں گے۔

بنگلہ دیش انڈر 19 نے آخری مرتبہ نومبر 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد چار روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو ڈرا پر ختم ہوا تھا۔ ٹور میں شامل پانچ میں سے تین ون ڈے میچز بنگلہ دیش نے جیتے تھے۔

آئی سی سی کے قواعد کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2024 میں شرکت کے لیے کھلاڑی کا 31 اگست 2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہونا لازمی ہے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سال 2022 پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا سال ہے، لہٰذا، وہ نومبر میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ 15 سالوں میں پاکستان میں پہلی جونیئر بین الاقوامی سیریز ہوگی، ایک چار روزہ اور پانچ محدود طرز کی کرکٹ کے میچز پر مشتمل یہ سیریز دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔

سیریز کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کی آمد یکم نومبر کو ہوگی جبکہ 4 تا 7 نومبر چار روزہ میچ کھیلا جائے گا۔ اسکے بعد پہلا ون ڈے 10 نومبر کو، دوسرا ون ڈے 12 نومبر، تیسرا ون ڈے 14 نومبر، چوتھا ون ڈے 16 نومبر اور پانچواں ون ڈے 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |