روس نے یوکرین پر ایرانی ساختہ ’’خودکش ڈرون‘‘ برسا دیئے ہلاکتیں

یہ ڈرونز ایرانی ساختہ ہیں جس پر امریکا نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے


ویب ڈیسک October 17, 2022
یہ ڈرونز ایرانی ساختہ تھے، فوٹو: ٹوئٹر

روس نے یوکرین کے دارالحکومت سمیت تین شہروں پر ڈرون حملے کیے جن میں مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 100 سے زائد دیہاتوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے یوکرین دارالحکومت کیف سمیت دنیپرو اور سمی شہروں پر ڈرون برسائے۔ ایک ڈرون سے سمی کے توانائی پیدا کرنے والی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے اور 100 سے زائد دیہات تاریکی میں ڈوب گئے۔

اسی طرح دارالحکومت کیف میں ڈرون حملے میں 3 اور دنیپرو میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ مجموعی طور پر 8 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔ بڑے پیمانے پر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

روس نے اس بار یوکرین یہ جو ڈرونز گرائے انھیں کامیکاز ڈرون کہا جاتا ہے اور یہ ایرانی ساختہ ہیں۔ان ڈرونز کے اندر بارودی مواد ہوتا ہے اور یہ خود کش بمبار کی طرح ہدف پر پہنچ کر خود کو تباہ کرلیتے ہیں۔ اس لیے انھیں خودکش بمبار بھی کہا جاتا ہے۔

امریکا سمیت عالمی قوتیں کئی بار ایران پر روس کو ڈرونز کی فراہمی کا الزام عائد کرتی آئی ہیں تاہم ایران نے ہمیشہ ان الزمات کو مسترد کیا ہے۔

روس کے یوکرین پر تازہ حملوں میں ایرانی ساختہ ڈرون استعمال کرنے پر امریکا نے شدید تنقید کرتے ہوئے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

خیال رہے کہ کامیکاز کی اصطلاح سب سے پہلے دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہوئی جب جاپان کے خودکش پائلٹس اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے طیارے کو ہدف سے ٹکرادیا کرتے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں