ورلڈ ٹی 20 جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 2 رنز سے ہرا دیا

جنوبی افریقا کے جین پال ڈومنی کو 86 رنز کی شاندار باری کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔


ویب ڈیسک March 24, 2014
جے پی ڈومینی نے شاندار 76 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کے بڑے ہدف میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2رنز سے ہرا دیا۔

چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، جے پی ڈومینی نے شاندار 86 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ٹیم کے بڑے ہدف میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ہاشم آملہ 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک 4، کپتان فاف ڈوپلیسی 13، اے بی ڈیویلیرز 5، ڈیوڈ ملر 6 اور ایلبی مورکل 13 رنز بنا سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور کورے اینڈرسن نے 2،2 جبکہ کائل ملز اور نیتھن میک کولم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن نے 7.1 اوورز میں 57 رنز کی شراکت قائم کرکے کیویز کو اچھا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا ، گپٹل کے بعد کپتان برینڈن مک کلم میدان میں اترے لیکن جلد ہی وہ بھی چلتے بنے، اس موقع پر راس ٹیلر نے پروٹیز بالرز کے بخیئے ادھیڑنے شروع کئے، ولیم سن اور ٹیلر کے درمیان 51 رنز کی شراکت قائم ہوئی، نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان ولیم سن کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے کیوی بلے باز پویلین لوٹتے رہے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود راس ٹیلر نیوزی لینڈ کو فتح کی امید دلاتے رہے، آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو فتح کے لئے صرف 7 رنز درکار تھے اور جنوبی افریقا جیت سے 5 وکٹیں دور تھا، ایسے میں پروٹیز کی اسٹین گن کام آئی، انہوں نے اپنے اوور میں 4 رنز دے کر میچ جنوبی افریقا کی جھولی میں ڈال دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 4 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مورکل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 86 رنز کی شاندار باری کھیلنے والے جنوبی افریقا کے جے پی ڈومنی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں