سندھ کے مزید 12 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین واپس گھروں کو روانہ
ریلیف کیمپوں میں 1 لاکھ 95 ہزار 282 متاثرین مقیم ہیں، جنہیں سندھ حکومت کی جانب سے کھانا فراہم کیا جارہاہے
وزير اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 12 ہزار 176 متاثرین واپس گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے امدادی سرگرمیوں سے متعلق جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بدین میں 500 خاندانوں اسی طرح دادو میں 4000، حیدرآباد 3000، سکھر 4100، میرپور خاص 1000، جیکب آباد 1000، لاڑکانہ 3510، قمبر شہدادکوٹ 6500 ، خیرپور میرس 6320، ٹھٹہ 2500 اور شکار پور میں 5400 خاندانوں کو راشن بیگس فراہم کئے گئے۔ مجموعی طور پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 37830 خاندانوں کو راشن بیگس فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 1762669 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے آغاز سے اس وقت تک متاثرین کو 626607 خیمے ،541542 پلاسٹک ترپال، 3273337 مچھر دانیاں ، 803496 لٹر منرل واٹر,72927 جیری کینس، 162323 پکے کھانے کی دیگس اور دیگر سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 12176 متاثرین ریلیف کیمپوں سے گھروں کو واپس روانہ ہو گئے ہیں جس کے بعد ریلیف کیمپوں میں موجود متاثرین کی تعداد 195282 باقی ہے، ان میں 41228 بچے اور 38560 خواتین شامل ہیں ۔ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو دو وقت کا پکا کھانا اور صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے واقعات میں 785 افراد ہلاک اور 8422 زخمی ہوئے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح نچلے درجے پر ہے، گڈو بیراج پر آمد 59900 کیوسک اور اخراج 52100 کیوسک ہے، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 48300 کیوسک اور اخراج 29900 کیوسک ہے ، جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 74900 کیوسک اور اخراج 45100 کیوسک ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ منچھر جھیل میں پانی کی موجودہ سطح 115.5 فٹ ہے ۔