بارش کی وجہ سے ورلڈکپ کو شدید خطرہ لاحق

’لانینا‘ کے سبب کئی مقابلوں میں تاخیراور واش آئوٹس کا خدشہ بڑھ گیا

راؤنڈ روبن میچز میں ریزرو ڈے نہ ہونے سے ٹیموں کا قسمت پر انحصار (فوٹو: سوشل میڈیا)

بارش کی وجہ سے ورلڈ کپ کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا جب کہ 'لانینا' کی وجہ سے کئی مقابلے تاخیر اور واش آؤٹس کا شکار ہوسکتے ہیں۔

موسمی رجحان 'لانینا' نے مسلسل تیسرے برس آسٹریلیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو بارشوں کا باعث بن گیا، اس سال بھی یہ سلسلہ دسمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے اتوار سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے مین راؤنڈکو بھی شدید خطرہ لاحق ہوگا۔

میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل کینبرا میں بارش کی ہی وجہ سے انگلینڈ کے ہاتھ سے آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنے کا موقع نکل گیا تھا، تیسرا میچ موسم کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور افغانستان کا وارم اپ میچ بارش کے باعث ادھورا رہ گیا


وکٹوریہ میں آنے والے دنوں میں بارش کی پیشگوئی پہلے ہی ہوچکی ہے، جس کا براہ راست نقصان ابتدائی طور پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کو ہوگا، دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز غیرمتوقع طور پر ہار گئیں،البتہ دوسرا میچ جیت لیا، اگلے میچز میں انھیں موسم کے کڑے تیور کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ سے مقابلوں کا دورانیہ محدود یا پھر مکمل طور پر بھی بارش کی نذر ہوسکتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 اکتوبر کو میلبورن میں شیڈول میچ کیلیے پہلے ہی موسم خراب کی وارننگ سامنے آچکی۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ2023؛ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر چیئرمین پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا

اگرچہ آئی سی سی کی جانب سے سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے ریزرو ڈیز مختص کیے گئے مگر راؤنڈ روبن میچز میں ایسا کچھ نہیں ہے، جس کی وجہ سے بارش ہونے پر تاخیر سے آغاز اور مقابلے مکمل طور پر واش آؤٹ ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا، اس صورت میں ٹیموں کو میدان میں کارکردگی سے زیادہ قسمت پر انحصار کرنا پڑسکتا ہے۔

2020 میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کا انگلینڈ اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس پر بلو شرٹس کو گروپ مرحلے میں زیادہ فتوحات کی بنا پر فائنل کھیلنے کا حقدار قرار دے دیا گیا تھا۔
Load Next Story