ڈنگی قابو میں حکومت اکیلے کامیاب نہیں ہو سکتی شہری ذمے داری دکھائیں ایکسپریس فورم

سیلاب زدہ علاقوں میں شرح کم،ایڈیشنل سیکریٹری ورٹیکل پروگرام عاصم رضا،صفائی کواپنا کربیماری سے بچ سکتے ہیں،ڈاکٹر جاوید

فورم میں ایڈیشنل سیکریٹری عاصم رضا، ڈاکٹر جاوید ، عامر مفتی، عبداللہ ملک شریک گفتگو ۔ فوٹو : ایکسپریس

اللہ کے فضل و کرم سے سیلاب کے باجود ڈنگی کی صورتحال قابو میں ہے پریشانی کی کوئی بات نہیں، گزشتہ برس کی نسبت ڈنگی کے کیسز اور شرح اموات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ، ڈنگی کا تدارک حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اب تک لاکھوں مقامات پر ڈنگی کی سرویلنس کی گئی۔

اسپتالوں میں ضرورت سے زائد سہولیات موجود ہیں اور ڈنگی کا علاج سرکاری اسپتالوں میں مفت ، نجی اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کیا جا رہا ہے جبکہ لیب ٹیسٹ کا ریٹ بھی مقرر کر دیا گیا ، آگاہی ، سرویلنس ، جرمانے اور سزا کے باجود ڈنگی سے نمٹنے میں حکومت اکیلے کامیاب نہیں ہوسکتی۔

تمام شہریوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار حکومت ، ماہرین صحت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے '' ڈنگی کی موجودہ صورتحال اور حکومتی اقدامات '' کے حوالے سے منعقدہ '' ایکسپریس فورم '' میں کیا۔


ایڈیشنل سیکریٹری ورٹیکل پروگرام محکمہ صحت پنجاب عاصم رضا نے کہا کہ ڈنگی کے حوالے سے الارمنگ صورتحال نہیں بلکہ ماضی کی نسبت صورتحال قابو میں ہے، صحت اور علاج معالجے کی سہولیات بھی ضرورت سے زائد ہیں ، ہیلتھ کارڈ میں ڈنگی کا علاج شامل کرنے سے اب نجی اسپتالوں میں بھی ڈنگی کا مفت علاج ہورہا ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈنگی نیا نہیں بلکہ 140 سال پرانا مرض ہے، ڈنگی اس وقت 143 ممالک میں موجود ہے اور کوئی بھی ملک اس کا خاتمہ نہیں کرسکا ، ہم صفائی کو اپنا کر اس بیماری سے بچ سکتے ہیں بلکہ اس کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر سی ڈی سی و پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈنگی کنٹرول پروگرام محکمہ صحت پنجاب ڈاکٹر عامر مفتی نے کہا کہ ڈنگی سب کا مسئلہ ہے اس پر آنکھیں بند کر کے بچ نہیں سکتے، سب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر ان کے گھر یا علاقے میں ڈنگی پیدا ہوا تو اس سے وہ خود بھی متاثر ہونگے۔

نمائندہ سول سوسائٹی عبداللہ ملک نے کہا کہ ڈنگی جیسے مسائل کے تدارک میں سول سوسائٹی کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ، ڈنگی سب کا مسئلہ ہے لہٰذا کمیونٹی کی سطح پر تندہی سے کام کرنا ہوگا، ڈنگی کے حوالے سے ٹیسٹ کے ریٹس کم ہونے چاہیں، مریضوں کا بروقت اور مکمل علاج یقینی بنایا جائے ، سپرے لازمی ہونا چاہیے، ڈنگی سروے ٹیم کا یونیفارم بنایا جائے۔
Load Next Story