ضمنی انتخابات میں شکست نواز شریف کے پارٹی سے متعلق اہم فیصلے
ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کی ضمنی انتخابات میں شکست پر تاویلیں مسترد کردیں، پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل نہ کرنے اور پارٹی کو وقت نہ دینے والے حکومتی عہدے داروں کے متعلق شکایات پر نواز شریف نے حکومتی اور پارٹی عہدے علیحدہ علیحدہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی لیگی رہنماؤں کے حوالے سے مسلسل مشاورت ہوئی ہے، نواز شریف نے وطن واپسی تک پاکستان میں پارٹی کا عبوری سیٹ اپ بنانے پر بھی غور کیا ہے، عبوری سیٹ اپ کے سربراہ کو پارٹی کے تمام معاملات اور اہم امور پر فیصلہ سازی کا اختیار ہو گا۔
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری سیٹ اپ میں مریم نواز کو کلیدی کردار دیا جائے گا، عبوری سیٹ اپ کے لیے مریم نواز کے ساتھ پارٹی کے اہم رہنماؤں پر مشتمل ٹیم بنائی جائے گی، عبوری سیٹ اپ میں پارٹی کے متحرک، فعال اور سخت موقف رکھنے والے رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا۔
ذرئع نے مزید بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چند روز میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔