پاکستان کے ردعمل پر بھارتی وزیر کھیل طیش میں آگئے

اگلے سال ون ڈے ورلڈکپ اگلے سال بھارت میں ہی ہوگا، تمام بڑی ٹیمیں آئیں گی، بھارتی وزیر

اگلے سال ون ڈے ورلڈکپ اگلے سال بھارت میں ہی ہوگا، تمام بڑی ٹیمیں آئیں گی، بھارتی وزیر (فوٹو: ٹوئٹر)

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیاکپ 2023 میں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے سخت ردعمل پر بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر طیش میں آگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں بھارت کی شراکت داری بہت زیادہ ہے جسے کوئی نظر انداز نہیں کرسکتا، ون ڈے ورلڈکپ اگلے سال بھارت میں ہی ہوگا جس میں دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی ٹیم کے جانے کے حوالے سے فیصلہ وزارت داخلہ کرے گا کیونکہ ہماری ٹیم کو وہاں سیکیورٹی خدشات ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ2023؛ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر چیئرمین پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا


پاکستان نے موقف اپنایا ہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں سال کے اختتام پر دورہ کرے گی، بھارت بلاوجہ سیکیورٹی کا بہانہ بنارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے سیکریٹری بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، بھارت سب کچھ نہیں ہم بھی بہت کچھ ہیں۔

مزید پڑھیں: لکھ لیں! پاکستان ورلڈکپ کیلئے آئے گا لیکن بھارت وہاں نہیں جائے گا، آکاش چوپڑا

ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر غیریقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) سے فوری ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کررکھی ہے۔
یاد رہے کہ دونوں روایتی حریف ٹی20 ورلڈکپ میں 23 اکتوبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔
Load Next Story