این اے237 ضمنی انتخاب پی پی امیدوار کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

کوئی بے ضابطگی یا دھاندلی ہوئی ہے تو آپ کے پاس الیکشن ٹریبونل جانے کا آپشن ہے، سندھ ہائیکورٹ


Staff Reporter October 20, 2022
فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے این اے 237 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار عبد الحکیم بلوچ کی کامیابی کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی امیدوار عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کوئی بے ضابطگی یا دھاندلی ہوئی ہے تو آپ کے پاس الیکشن ٹریبونل جانے کا آپشن ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل شہاب امام ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ الیکشن ٹریبونل جانے کا آپشن الیکشن مکمل ہونے کے بعد ہے، ہم الیکشن کمیشن گئے لیکن دروازہ نہیں کھولا گیا اس لیے یہاں آئے، الیکشن کمیشن کو بے ضابطگی کے حوالے سے تین خطوط لکھے گئے۔

وکیل نے موقف دیا کہ ہم الیکشن کمیشن گئے تھے شکایت لے کر دروازہ ہی نہیں کھولا گیا، این اے 237 میں بدترین دھاندلی کی گئی، حلقے میں پیپلز پارٹی کارکنان نے جعلی ووٹ ڈالے جبکہ حلقے میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن کو شکایات بھی کیں، دھاندلی اور دیگر شکایات پر شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کا کیا تنازعہ لے کر آئے ہیں یہ بتائیں، جو باتیں آپ بتا رہے ہیں وہ الیکشن ڈسپیوٹ کے زمرے میں آتا ہے، آپ الیکشن ٹریبونل گئے یا نہیں۔ الیکشن ٹریبونل کہاں ہوتا ہے یہ بتائیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں