الخدمت ”بنو قابل میگا پروجیکٹ“ کے تحت کراچی کے طلبہ کے لیے آئی ٹی کورسز کا ٹیسٹ

ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔


Staff Reporter October 20, 2022
ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

الخدمت "بنو قابل میگا پروجیکٹ" کے تحت کراچی کے میٹرک وانٹر پاس طلبہ کے لیے آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد مزارقائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔

طلبہ کی قابلیت و استعداد کی جانچ کے بعد کامیاب طلبہ کو کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ، ویب ڈیولپمنٹ، گرافک ڈیزائنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون، ورچیول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے کورسز جن پر ہزاروں روپے خرچ آتے ہیں مفت کرائے جائیں گے۔

الخدمت نے اس پروگرام کے لیے شہر کے معروف آئی ٹی پروفیشنلرز کی بڑی ٹیم اور اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے۔4سے6ماہ کی مدت کے ان کورسز کے بعد ان طلبہ کے روزگار کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔

بنو قابل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں طالبات کے ٹیسٹ کا جلد انعقاد ہو گا۔ انٹری ٹیسٹ میں شریک طلبہ اور ان کے والدین نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا، بھر پور حاضری کے باوجود ٹیسٹ کا انعقاد و اختتام نہایت منظم انداز سے ہوا۔

انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کے اساتذہ سمیت رضاکاروں پر مشتمل 15کلسٹرز بنائے گئے تھے۔ بنو قابل میگا پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب کے اختتام پر انٹری ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ سے ایک عہد بھی لیا۔تمام شرکاء نے کورس میں قومی ترانہ پڑھا۔ بعد ازاں طلبہ کا ایک گھنٹے کا ٹیسٹ لیا گیا جس کے لیے انہیں ٹیسٹ کے سوال نامے کے ساتھ الخدمت کے لوگو والا فائل فولڈربھی فراہم کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا میئر کراچی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کو یقینی بنائے گا،ہم کراچی کو ایک لیڈنگ آئی ٹی سٹی بنائیں گے، ہم دیگر مہارتوں کے حوالے سے بھی مختلف ٹیکنیکل کورسز کرائیں گے، ہم کے ایم سی کے اسکولوں میں بھی آئی ٹی کی تعلیم کا انتظام کریں گے، ہم نوجوانوں کے لیے تعلیمی اسکالر شپ کا بھی انتظام کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں