تہرے قتل کاملزم گینگ وارکارندہ ناکافی شواہدپربری

اے ٹی سی نے ملزم شکیل کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی تھی

عدالت نے فیصلہ کالعدم قراردیدیا،ملزم نے نیاز،شہزاداورسلیم کوقتل کیاتھا (فوٹو: فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے لیاری آگرہ تاج کالونی میں 3 افراد کے قتل کے مقدمے میں اپیل منظور کرتے ہوئے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزم کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کردیا۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لیاری آگرہ تاج میں 3 افراد کے قتل کے مقدمے میں ملزم کی اپیل پر فیصلہ سنادیا، استغاثہ (پراسیکیوشن) لیاری گینگ وار کے کارندے شکیل عرف چھوٹو پر الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا، عدالت نے ملزم شکیل عرف چھوٹو کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ناکافی شواہد کی بنا پر بری کردیا۔


عدالت نے اے ٹی سی کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔ اے ٹی سی نے ملزم شکیل عرف چھوٹو کو جرم ثابت ہونے پر قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی، عدالت نے غیر قانونی اسلحہ اور دہشت گردی کے جرم میں ملزم کو 15 سال علیحدہ سزا سنائی تھی۔

عدالت نے مقتولین کے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے بھی ادا کرنے کا حکم دیا تھا، ملزم نے 2013 میں زاہد لاڈلا، عرس، اشفاق اور 2 نامعلوم افراد کے ساتھ ملکر فائرنگ کی تھی، ملزمان کی فائرنگ سے محمد نیاز، حاجی شہزاد اور محمد سلیم ہلاک ہوگئے تھے، ملزمان کی فائرنگ سے تسلیم اور عارف زخمی ہوگئے تھے، ملزمان کے خلاف تھانہ کلری میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
Load Next Story