کڈنی ہل پارک کراچی میں بڑے پیمانے پر سولر پینل لگانے کا کام شروع

ضرورت سے زائد بجلی کے الیکٹرک کو فروخت کی جائے گی اور پارک میں مصنوعی آبشار کا کام جاری ہے ،مرتضیٰ وہاب


Staff Reporter October 21, 2022
 کے ایم سی گرین انرجی کے تصور کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے،گٹر باغیچہ میں اربن فاریسٹ بنا رہے ہیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی

ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی گرین انرجی کے تصور کو فروغ دینے پر کام کررہی ہے۔

پہلے مرحلے میں کڈنی ہل پارک میں 100کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے سولر پینل لگائے جارہے ہیں، ایک ماہ کے اندر یہ سولر پینل کام شروع کردیں گے اور سو کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوں گے جس کی ماہانہ قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے بنتی ہے۔

ضرورت سے زائد بجلی کے الیکٹرک کو فروخت کی جائے گی اور پارک میں مصنوعی آبشار کا کام جاری ہے جو کہ ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گا یہ بات انھوں نے جمعرات کے روز کڈنی ہل پارک میں سو کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کا میئر آئے گا، بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے پر ہم بھی متفق تھے، اگلے 48 گھنٹوں میں اس حوالے سے ہماری کمٹمنٹ نظر آجائے گی،پی ٹی آئی نے خود بلدیاتی الیکشن رکوانے کے لیے کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سب سے پہلے میں نے عدالت جا کر تاریخ دی تھی مگر پھر سیلاب کی وجہ سے صورتحال تبدیل ہوگئی، گٹر باغیچہ میں اربن فاریسٹ بنا رہے ہیں جس سے لیاری، کیماڑی اور ضلع غربی کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو ایک خوبصورت اور سرسبز مقام دستیاب ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں