توشہ خانہ فیصلہ پی ٹی آئی کارکنان نے لودھراں میں ٹرین آپریشن روک دیا
آئی جی پنجاب کی پولیس افسران کو تمام سڑکیں کھلوانے کی ہدایت، پی ٹی آئی کی جانب سے 9 مقامات پر دھرنا
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف پنجاب کے 9 مقامات پر احتجاج کیا جبکہ لودھراں میں پی ٹی آئی کارکنان نے ٹرین کو بھی روک لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لودھراں میں ٹرین کو روک لیا، مظاہرین احتجاج کرتے ریلوے انجن پر چڑھ گیے، ریلوے پولیس اور انتظامیہ کی بار بار منت کے باوجود کارکنان نے ٹرین کو چلنے کی اجازت نہیں دی۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے سابق ممبر قومی اسمبلی میاں شفیق آرائیں ، نواب امان کی قیادت میں ریلوے جنکشن پر ٹریک بند کیا اور ریلوے پٹری پر بیٹھ کر احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔ شرکا نے لودھراں جنکشن پر ٹرین آپریشن روکنے کا اعلان بھی کیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی نواب امان اللہ خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے دن سے جانبدار ہے، اُس نے توشہ خانہ کیس میں غیر قانونی اور غیر آئینی فیصلہ دیا، عمران خان اور ہم پہلے دن سے جو بول رہے تھے آج کے فیصلے سے وہ سچ ثابت ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 22 کروڑ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب عمران خان نا اہلی فیصلہ کے فیصلے کے خلاف پنجاب کے نو مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنان نے شہر کی اہم شاہراہوں کو بند کیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے بھٹہ چوک، اکبر چوک، لبرٹی چوک، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ، فیروز پور روڈ بینک، ہائی کورٹ مال روڈ، سمن آباد، جوہر ٹاؤن یوحنا آباد اور ہرنس پورا میں احتجاج کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ملک بھر میں احتجاج، متعدد سڑکیں بند، فیض آباد پر ہنگامہ آرائی
پی ٹی آئی ٹائیگر فورس کے اہلکاروں نے شاہدرہ چوک پر ٹائروں کو آگ لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا جبکہ بابو صابو چوک پر احتجاج کنٹینرز لگا کر چوک کو بھی بند کیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں کی بندش اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی آر پی اوز، ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایات
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے پولیس افسران کے نام جاری خصوصی ہدایت نامے میں کہا کہ احتجاج کی صورت میں مین شاہراہوں اور موٹر وے سے ملحقہ سڑکوں کو بند نہ ہونے دیا جائے، اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والے لوگوں خصوصاً فیملیز کو سفری پریشانی سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، موٹر وے اور بین الاضلاعی شاہرات کو ٹریفک کے لیے بلاک نہ ہونے دیں، سڑکوں پر ایمبولینسز اور ہسپتالوں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی اسلام آباد کا سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
آئی جی پنجاب نے فیلڈ افسران اور ٹریفک پولیس کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی اور سڑکوں کو مکمل کلیئر کروانے کا حکم دیا۔