منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اہم اجلاس سنگاپور میں ٹی راجہ کمار کی زیر صدارت ہوا۔ ایف اے ٹی ایف کے اعلامیے کے مطابق فیٹف کے صدر نے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا، متعلقہ حکام نے تمام 34 نکات پر عمل درآمد کرلیا جس پر پاکستان کو اس پیش رفت پر خیرمقدم کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا، پاکستان کو اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ قانون پرمزید عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ فیٹف کے صدر ٹی راجہ کمار کا کہنا تھاکہ یوکرین جنگ کی وجہ سے روس کی فیٹف رکنیت معطل کر دی گئی، کانگو، موزمبیق اور تنزانیہ کو گرے لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔
'پاکستان کو وائٹ لسٹ میں شامل کرلیا'
اس حوالے وزارت خزانہ زرائع نے بتایا کہ فیٹف اجلاس میں ایکشن پلان پر عملدرآمد بارے پیش کی جانے والی رپورٹس اور فیٹف ٹیم کے دورہ پاکستان کی رپورٹ پیش کی گئیں، رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں تسلی بخش قرار دیا گیا اور پاکستان کا نام گرے لسٹ سے ہٹانے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں شامل کرلیا ہے تاہم پاکستان ایف اے ٹی ایف کی مانیٹرنگ میں رہے گا کیونکہ پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
تمام 34 نکاتی ایکشن پلان کی تعمیل
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شیل کمپنیوں کو غیر قانونی فنڈز کو روکنے، فائدہ مند ملکیت کی شفافیت کو بہتر بنانے اور عالمی اثاثوں کی وصولی کو بڑھانے کے لیے تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد پاکستان کے 4 سال کے عرصے کے بعد فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 34 نکاتی ایکشن پلان کی کامیابی سے تعمیل کی ہے جس میں سے27 نکاتی ایکشن پلان دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق تھا اور 7 نکاتی ایکشن پلان کا تعلق منی لانڈرنگ سے تھا
اسے قبل فیٹف پاکستان کی جانب سے فیٹف ایکشن پلان پر عمل درآمد کو تسلی بخش قرار دے چکا ہے اور پاکستان نام گرے لسٹ سے نکالنے کے حتمی اعلان سے پہلے فیٹف کی ٹیم فیزیکلی بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے اور جس پر اُس نے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم کا اظہار تشکر
وزیراعظم شہبازشریف نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی پر قوم کو مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، فاٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا۔
وزارت خارجہ، افواج پاکستان سمیت دیگر اداروں کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ، متعلقہ حکام اور وزارتوں اور افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔
شبہاز شریف نے کہا کہ 'این آراو' کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی۔
انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لیے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔
گورنر پنجاب کا قوم کو مبارکباد
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پاکستان کے فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے سے دنیا میں پاکستان کا وقار بحال ہوا ہے۔
انہوں نے اس کامیابی پر وزیراعظم، افواج، وزارت خارجہ اور وزیراعظم کی تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
صدر مملکت کی مبارک باد
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، اداروں اور اشخاص کی انتھک محنت کےنتیجےمیں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
عارف علوی نے کہا کہ اِس کاسہرا اُن تمام لوگوں کوجاتا ہے جنہوں نے اِس پرانتھک محنت کی، ہمارے قوانین میں ترامیم کی اورغیرقانونی رقوم کی منتقلی کیخلاف جنگ میں ان قوانین پرعمل درآمدبھی کروایا۔