سپر 12 راؤنڈ آج سے بڑی ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا

آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کے مدمقابل، انگلش بیٹرز کا مقابلہ افغان اسپنرز سے ہوگا


Sports Reporter October 22, 2022
بارش سے رنگ میں بھنگ پڑنے کا خطرہ۔ فوٹو: فائل

ٹی20 ورلڈکپ میں بڑی ٹیموں کی جنگ آج چھڑے گی تاہم سپر 12 مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ کوالیفائرز کا مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا، دونوں گروپس سے 2،2 ٹیموں نے پیش قدمی جاری رکھی، سپر 12 مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے،پہلے روز دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کیخلاف میچ سے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرے گی،سڈنی میں بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔

میزبان کینگروز کو ٹاپ آرڈر میں کپتان آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر جیسے جارح مزاج بیٹرز کی خدمات حاصل ہیں،ممکنہ کمبی نیشن میں شامل مچل مارش، گلین میکسوی، مارک اسٹوئنس، ٹم ڈیوڈ اور میتھیو ویڈ سمیت طویل بیٹنگ لائن کیوی بولرز کے صبر کا امتحان لے سکتی ہے،پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل پیس بیٹری کسی بھی بولنگ لائن اپ کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسپنر ایڈم زیمپا بھی ہوم کنڈیشنز کا بخوبی استعمال کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بارش کی وجہ سے ورلڈکپ کو شدید خطرہ لاحق

نیوزی لینڈ کی ٹیم مڈل آرڈر میں مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گی،اوپنر ڈیون کونوے کا ساتھ دینے کیلیے ان فارم فن ایلن کو مارٹن گپٹل پر ترجیح دینے کا فیصلہ ہوسکتا ہے،کپتان کین ولیمسن، گلین فلپس سے بڑی اننگز کی توقعات وابستہ ہوں گی،مائیکل بریسول اور مارک چیپمین میں سے کسی ایک کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنے گی،پیسرز ٹم سائودی کا ساتھ دینے کیلیے لوکی فرگوسن اور ایڈم ملن میں سے کسی ایک کا انتخاب ہوگا،ایش سودھی سے اسپن کا جادو جگانے کی امیدیں ہیں۔

دوسری جانب پرتھ میں انگلش بیٹرز کی جارحیت کا خطرناک افغانی اسپنرز سے مقابلہ ہوگا، انگلینڈ کو طویل بیٹنگ لائن کا ساتھ میسر ہے، کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز ابتدا میں ہی چھکے چھڑانے کے عادی ہیں، مڈل آرڈر میں ڈیوڈ مالان، بین اسٹوکس موجود ہیں، لیام لیونگ اسٹن،معین علی اسپن بولنگ کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں،کرس ووکس اور ڈیوڈ ویلی میں سے کسی ایک پیسر کی سلیکشن ہوگی،کرس جورڈن اور مارک ووڈ کی جگہ بھی بنتی ہے، عادل رشید اسپن کا جال پھیلائیں گے۔

مزید پڑھیں: سچن ٹنڈولکر نے اپنی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا اعلان کردیا

افغانستان کو بھی حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گرباز جیسے جارح مزاج اوپنرز کی خدمات حاصل ہیں،مڈل آرڈر میں ابراہیم زدران، درویش رسولی اور نجیب اللہ زدران فارم کے متلاشی ہوں گے،محمد نبی اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں،عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان بھی اچھے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کے اہل ہیں،افغانستان کی اصل قوت راشد خان اور مجیب الرحمان جیسے کامیاب اسپنرز ہیں جن کا محمد نبی بھی خوب ساتھ دیتے ہیں، موسم کھیل کیلیے سازگار اور پچ بائونسی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں