سندھ کے کالجوں میں آن لائن حاضری کا آغاز

75 فیصد حاضری والے طلباء کو سالانہ امتحان دینے کی اجازت دی جائے گی،ڈائریکٹر کالجز سندھ

فوٹو: ایکسپریس

سندھ کے کالجوں میں آن لائن حاضری کا آغاز کرتے ہوئے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (سی ای ڈی) نے طلباء کی حاضری کے نظام کو ڈیجیٹل بنادیا ہے۔

ڈاکٹر قاسم راجپر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سندھ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سیمز کیو آر کوڈ پر مبنی اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کالج میں روزانہ کی بنیاد پر طلباء کی حاضری لینے اور ریکارڈ محفوظ کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے 343 کالجز میں طلبہ کی آن لائن حاضری کا عمل شروع ہوگیا ہے، 75 فیصد حاضری والے طلباء کو سالانہ امتحان دینے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سیکرٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خالد حیدر شاہ کی زیر نگرانی صوبے بھر کے مختلف کالجوں میں آزمائشی بنیادوں پر آن لائن طلباء کی حاضری کا نظام کامیابی سے متعارف کرایا گیا ہے، آزمائشی طور پر اساتذہ کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج گلستانِ جوہر بلاک 12 میں بھی طالبات کی الیکٹرانک حاضری لی گئی۔




 

ڈاکٹر قاسم راجپر کا کہنا ہے کہ باضابطہ طور پر لانچ ہونے کے بعد یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی، اس نظام کو دیگر مختلف کالجوں میں کامیابی کے ساتھ ڈیزائن اور حاضری لگانے کا تجربہ کیا گیا ہے، سندھ میں طلبہ دستی حاضری لگاتے تھے جس سے غلطیوں کے بھی خدشات ہوتے تھے اور ریکارڈ بھی غیر محفوظ ہوتا تھا جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات کا سامنا تھا اب اساتذہ نئے سسٹم کے ذریعے طلباء کی حاضری کی نشان دہی کر سکیں گے۔

ڈائریکٹر کالجز سندھ نے بتایا کہ یہ سسٹم طلباء کی حاضری کو ان کے والدین کے ساتھ بھی شیئر کرے گا، والدین ایپ کا استعمال کرتے ہوئے باقاعدگی سے حاضری کے اعداد و شمار، بی فارم نمبر اور رول نمبر کے ساتھ آگاہ رہ سکتے ہیں، سیکیپ (SECCAP) پر اسٹاف کے اکاؤنٹس بنانے کی ذمہ داری کالج پرنسپل کی ہوگی، ایپلیکیشن طلباء کی حاضری کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کیو آر کوڈ پر مبنی SAMS ایک اینڈرائیڈ ایپلی کیشن ہے جو کالج میں روزانہ کی بنیاد پر طلباء کی حاضری لینے اور رکارڈ محفوظ کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ ہر عملے کو ایک اینڈرائیڈ ایپلی کیشن دی جائے گی جو حاضری لینے اور حاضری کی مجموعی صورتحال پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

ڈاکٹر قاسم کا کہنا ہے کہ خودکار حاضری کے نظام کا بنیادی مقصد حاضری ریکارڈ کرنے کے روایتی طریقے کو کمپیوٹرائز کرنا اور سندھ کے سرکاری کالجوں میں حاضری کو ٹریک کرنے کے لیے ایک موثر اور خودکار طریقہ فراہم کرنا ہے۔

 
Load Next Story