احتجاج کرنے والے حد سے تجاوز کرتے ہیں تو ایکشن لینا پڑتا ہے مشیر داخلہ بلوچستان
ہم کسی پر تشدد نہیں کرتے اور نہ ہی ایسی کوئی خواہش رکھتے ہیں، ضیا اللہ لانگو
مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے جب اپنی حدود پار کرتے ہیں تو رٹ برقرار رکھنے کیلیے مجبورا ایکشن لینا پڑتا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ملک نصیر شاہوانی نے ایوان میں ٹیچرز، ڈاکٹر اور فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کی جانب سے جاری احتجاج، مظاہرین پر ہونے والی پولیس کے تشدد پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور اسے ظلم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ فزیوتھراپسٹ، فوت شدہ ملازمین کے لواحقین اور ٹیچرز سراپا احتجاج ہیں، اسمبلی کا سیشن ختم ہوگا تو ہم گھر چلے جائیں گے جبکہ مظاہرین کے مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ اُن پر تشدد کے بجائے مذاکرات کرنے چاہیں تاکہ مسائل حل ہوں۔
مشیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلیے سنجیدہ ہے، گرفتار ہونے والوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی پر تشدد نہیں کرتے اور نہ ہی ایسی کوئی خواہش رکھتے ہیں البتہ جب احتجاج کرنے والے اپنی حد سے تجاوز کرتے ہیں تو ایکشن لینا پڑتا ہے۔