پاک بھارت میچ کرکٹرز ایشیا کپ کارکردگی دہرانے کے خواہاں

پریشر گیم میں پرفارمنس دکھانے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، آل راؤنڈر

میچ صورتحال اور ٹیم ضرورت کے مطابق وکٹیں اڑانے کی کوشش کروں گا، نسیم شاہ (فوٹو: کرک انفو)

پاکستانی کرکٹرز بھارت کیخلاف ایشیاکپ کی کارکردگی دہرانے کے خواہاں ہیں۔

بھارت کیخلاف ایشیا کپ میچ میں محمد نواز نے بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے کے بعد 20 گیندوں پر 42 رنز بناکر پاکستان کی فتح کا سفر آسان کیا تھا، اس سے قبل انھوں نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 25رنز دیکر ایک وکٹ بھی لی، آل رائونڈر میلبورن میں آج کھیلے جانے والے میچ میں بھی ایشیا کپ کی کارکردگی دہرانے کے خواہاں ہیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ پر دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں مرکوز ہوتی ہیں، پریشر گیم میں پرفارمنس دکھانے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا اور سیکھنے کا بھی موقع ملتا ہے، پاور پلے میں بولنگ کا تجربہ،شاداب خان کے ساتھ بھی اچھا تال میل ہے، پاکستان ٹیم فتح کیلیے پرجوش ہے،ہمیں قابل بھروسہ بیٹرز اور ایک شاندار بولنگ یونٹ کی خدمات حاصل ہیں، اپنی بہترین کوشش کریں گے۔


مزید پڑھیں: بھارت کیخلاف کون سا اہم کرکٹر پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہوگا؟

ایک انٹرویو میں نسیم شاہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے، کوشش یہی ہے کہ اچھی پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھیں۔

روہت شرما، سوریا کمار یادیو اور ویراٹ کوہلی کو ٹارگٹ کرنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا ایک فاسٹ بولر کی حیثیت سے کوشش یہی ہوتی ہے کہ وکٹ ملے لیکن میچ کی صورتحال میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی کو آؤٹ کرنا سب سے اہم ہوتا ہے، بھارت کے خلاف میچ میں یہی ہدف ہے کہ جب بھی ٹیم کو ضرورت ہو وکٹ لیکر دوں۔
Load Next Story