چین نے ملائیشیا سے لاپتہ طیارے کی تباہی کے ثبوت مانگ لئےآسٹریلیا نے ملبے کی تلاش روک دی

ملائیشیا کے حکام کو اپنا دعویٰ سچ ثابت کرنے کے لئے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے،چین کے نائب وزیر خارجہ

ملائیشین ایئر لائنز کا طیارہ 8مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔فوٹو: اے ایف پی

HARIPUR:
چین کی حکومت نے گزشتہ روز ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے لاپتہ طیارے کی تباہی کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ثبوت مانگ لئے ہیں دوسری جانب آسٹریلیا نے خراب موسم اور اونچی لہروں کی وجہ سے ملبے کی تلاش روک دی ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ زی ہینگ شینگ نے بیجنگ میں ملائیشیا کے سفیر اسکندر بن سرالدین سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ ملائیشین حکام لاپتہ طیارے کے حوالے سے وہ سیٹیلائٹ ڈیٹا فراہم کرے جس کی بنیاد پر وہ طیارے کے بحر ہند میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے پر پہنچے ہیں۔


دوسری جانب آسٹریلین حکام نے خراب موسم کی وجہ سے بحر ہند میں لاپتہ طیارے کے ملبہ کی تلاش کا کام ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا ہے۔ آسٹریلوی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرتھ کے ساحل سے سیکڑوں کلو میٹر دور بحر ہند میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے یہ وہی جگہ ہے جہاں مبینہ طور پر ملائیشیا کا مسافر بردار طیارہ تباہ ہوا ہے، تاہم اس جگہ پر بلند لہروں، تیز ہواؤں اور گہرے بادلوں کی وجہ سے جہاز اور کشتیاں سرچ آپریشن کو جاری نہیں رکھ سکتیں اس لئے موسم میں بہتری آتے ہی دوبارہ تلاش کا کام شروع کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 8 مارچ کو ملائیشین ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کوالامپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی، 16 روزہ سرچ آپریشن کے بعد گزشتہ روز ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے سیٹلائٹ ڈیٹا کی بنیاد پر طیارے کے جنوبی بحر ہند میں گر کر تباہ ہونے اور اس میں سوار تما افراد کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ ملائیشیا نے طیارے میں سوار افراد کے لواحیقین کے 5ہزار ڈالر فی کس امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story