لاہور میں علیحدہ واقعات میں دو خواتین قتل
سندر میں 25 سالہ مریم کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا جب کہ گرین ٹاؤن سے 43 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی
لاہور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر جواں سالہ خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قتل کی لرزہ خیز واردات پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے سندر میں پیش آئی جہاں 25 سالہ مریم بی بی کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر واردات کی اور فرار ہوگئے، واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے مقتولہ کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا جب کہ موقع سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 25 سالہ مریم کے قتل پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردیں۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں گھر سے لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت 43 سالہ گلناز پروین کے نام سے ہوئی ہے۔
گارڈن ٹاون پولیس کو 15 کال موصول ہوتے پولیس فوری موقعہ پر پہنچی جب کہ ایس پی ماڈل ٹاؤن حسن جاوید بھٹی بھی موقع پر موجود ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گلناز بی بی کی ڈیڑھ سال پہلے دوسری شادی ہوئی تھی۔
ایس پی حسن بھٹی کا کہنا ہے کہ پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے جب کہ مزید قانونی کارروائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد عمل میں لائی جائےگی۔