وزیراعظم کا کینیا کے صدر کو فون ارشد شریف واقعے کی شفاف تحقیقات پر زور

وزیراعظم نے مرحوم ارشد شریف کی میت کی وطن واپسی کے لیے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی


ویب ڈیسک October 24, 2022
وزیراعظم نے پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی تشویش سے آگاہ کیا (فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا اور سینئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر بات کی۔

وزیراعظم نے گفتگو میں افسوس ناک واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیتے ہوئے پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے کینیا کے صدر کو تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم ارشد شریف کی میت کی وطن واپسی کے لیے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی، جس پر کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کینیا کے صدر نے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہائی کراتے ہوئے کہا کہ مرحوم ارشد شریف کی میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنایا جائے گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی کینیا میں افسوسناک موت پر ارشد شریف کی والدہ اور پاکستان میں کینیا کے سفیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے ارشد شریف کی والدہ سے دلی رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اب تک ہونے والی پیش رفت اور حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ارشد شریف کی ہلاکت پر بہت دکھ ہے،اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، ارشد شریف کی ہلاکت کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کینیا کی حکومت نے باضابطہ سرکاری طور پر ارشد شریف کی ہلاکت کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا، جیسے ہی کینیا کی حکومت آفیشلی ہمیں بتائے گی، ہم تفصیلات سے ارشد شریف کے اہل خانہ اور عوام کو آگاہ کریں گے۔

مزید پڑھیں؛ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا میں حادثے میں جاں بحق

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کینیا کی حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، پاکستانی میڈیا پر ارشد شریف سے متعلق جاری قیاس آرائیاں افسوسناک ہیں، کینیا میں پاکستان کی سفیر پولیس حکام سے رابطے میں ہیں اور آئی جی کے دفتر جا رہی ہیں، پاکستان میں کینیا کے سفیر سے بھی رابطہ ہوا ہے، انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں کینیا کے سفیر بھی اپنی حکومت سے معلومات حاصل کرکے ہمیں آگاہ کریں گے، وزارت داخلہ کینیا کی سکیورٹی ایجنسیز سے رابطے میں ہیں، حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، مصدقہ حقائق سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ارشد شریف کے ساتھ ہونے والے تمام حقائق تک پہنچیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں