وزیر ممکت برائے داخلہ میاں بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کابل کے ہوٹل پر حملے کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں اگر افغان حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ قومی اتفاق رائے سے کیا گیا، وزیراعظم مذاکرات کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ فیصلے ایسے ہوتے ہیں جن پر فورا عمل کیا جاتا ہےکچھ پر عمل نہیں کیا جاسکتا،اس لئے اس معاملے میں کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات میں حکومت نے جو باتیں اہم سمجھیں اس سے قوم کا آگاہ کیا جائے گا۔
میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے پاکستان پر کابل کے ایک ہوٹل پر ہونے والے حملے کے تانے بانے ملانے کے الزامات بے بنیاد ہیں ، پاکستان خود گزشتہ 11 برسوں سے بیرونی مداخلتوں اور دہشت گردی کا شکار ہے، ایسی صورتحال میں جب حکومت اپنے داخلی معاملات درست کرنے میں مصروف ہے، اس موقع پر افغانستان کی جانب سے بے بنیاد الزامات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ افغان حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔