بالی ووڈ انڈسٹری کو دوام بخشنے والی اداکارہ ’’نندا‘ دنیا سے چل بسیں
بالی ووڈ کو دوام بخشنے والی سابق اداکارہ نندا 75 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
1939 میں مراٹھی خاندان میں آنکھ کھولنے والی نندا نے انتہائی کم عمر میں ہی سلور اسکرین سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور 75 سے زائد ہندی اور مراٹھی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اپنی اداکاری کے دوران نندا نے ہیروئن کے علاوہ کئی فلموں میں کیریکٹر رول بھی ادا کئے جسے فلم بینوں نے نہایت پسند کیا، 1961 میں بننے والی فلم " ہم دونوں" میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا جس کے بعد 1972 میں انہوں نے منوج کمار کے ساتھ فلم "شور" میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اس کے بعد وہ کچھ عرصہ فلم انڈسٹری سے دوررہیں۔
نندا نے 1980 میں دوبارہ فلمی دنیا میں قدم رکھا اور پریم روگ، آہستہ آہستہ اور مزدورجیسی سپر ڈوپر فلمیں دے کر ثابت کیا کہ ان کی اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے شمی کپور، رشی کپور ، ششی کپور کے علاوہ راجیش کھنا کے ساتھ کئی یادگار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔