وزیراعظم کا ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

یقین دلاتا ہوں ارشد شریف واقعہ کے حقائق قوم کے سامنے لائیں گے، شہباز شریف


ویب ڈیسک October 25, 2022
کمیشن بنانے کا مقصد ارشد شریف کے قتل سے متعلق حقائق جاننا ہیں:فوٹو:فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وڈیو بیان میں کہا کہ کینیا میں ہمارے صحافی ارشد شریف کا جو اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے اور عوام اس پر افسردہ ہیں۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کروائیں گے اور اس کے لیے ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لیے درخواست دیں گے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم کابینہ سے اس فیصلے کی توثیق کروائیں گے۔قوم کو یقین دلاتا ہوں اس واقعہ کی بے لاگ اور شفاف تحقیق ہوگی اورحقائق پوری قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کل سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے کینیا کے صدر سے بات کی اور گزارش کی کہ وہ ہمیں تحقیقاتی رپورٹ فورا بھجوائیں اور ارشد شریف کی میت پاکستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اورمجھ سے اظہارہمدردی کیا۔

مزید پڑھیں: ارشد شریف قتل؛ اس مرحلے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فائدہ نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو اتوار کی رات کینیا میں پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی میت آج پاکستان پہنچے گی اور تدفین جمعرات کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں