ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو 73 رنز سے شکست دے دی۔
میرپور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو کالی آندھی بنگال ٹائیگرز پر ٹوٹ پڑے اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز جوڑے جواب میں بنگلادیش کی بیٹنگ لائنز کیربین بولرز کے سامنے لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 98 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، اوپننگ بلے باز تمیم اقبال 14 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر سیموئل بدری کاشکار بن گئے اور 2 رنز اضافے کے بعد 16 کے مجموعے پر انعام الحق بھی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان مشفق الرحیم سب سے زیادہ 22 رنز بنا کر سرفہرست رہے جبکہ مومن الحق 16، ضیاالرحمان 11 اور مشرفی مرتضی 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیمیوئل بدری نے 4، کرشمار سنتوکی 3 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور ڈیان اسمتھ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز کی اننگز کھیلی، اسمتھ 43 گیندوں پر 72 رنز بنا کر ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے جس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین لینڈل سمنس بغیر کوئی رنز بنا کر شکیب الحسن کا شکار بنے، کرس گیل محتاط انداز سے اسکور میں اضافہ کرتے رہے اور 151 کے مجموعی اسکور پر 48 رنز بنا کرضیاالرحمان کی گیند پر تمیم اقبال کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد کیربین بیٹسمین بنگلادیشی بولروں کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی چلی گئی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکے، میچ میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے ڈیان اسمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔