امریکا کا پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں 19 ملین ڈالرخرچ کرنے کا اعلان
پروگرام کے ذریعے جامعات کی استعداد کار کو بڑھایا جائیگا اور طلباء کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے
امریکا نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں 19 ملین ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے ،پروگرام کے ذریعے جامعات کی استعداد کار کو بڑھایا جائیگا اور فارغ التحصیل طلباء کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے امریکی ادارے نے اعلیٰ تعلیم کے موضوع پر اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جس میں چیئرمین ایچ ای سی اور پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی، ڈائیلاگ میں ہائر ایجوکیشن کی قیادت نے تعلیمی میعار کو بہتر بنانے کیلئے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر آف ایجوکیشن آفس اینی فلیکر نے کہا کہ ہماری وابستگی سے مسلسل اقتصادی ترقی کی بنیادیں قائم کرنے میں مدد ملے گی،پاکستان میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے امریکا نے معاونت کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے ذریعے 19 ملین ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی،پانچ سالہ پروگرام کے تحت نہ صرف جامعات کی استعداد کار کو بڑھایا جائیگا،بلکہ فارغ التحصیل طلباء کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔ فنڈنگ کے ذریعے پاکستانی یونیورسٹیوں میں قیادت، گورننس اور انتظام کو بہتر بنایا جائیگا۔