سپر 12 مرحلے کا پہلا اپ سیٹ آئرلینڈ نے انگلینڈ کو ہرادیا

قبل ازیں نمیبیا نے سری لنکا اور آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی

میچ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے آٹھویں میچ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 5 رنز سے شکست دے دی۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرش ٹیم 19ویں اوور میں 157 رن بناکر آل آؤٹ ہوئی۔

کپتان اینڈی بالبرنی نے ذمہ دارنہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بیٹرز میں پال اسٹرلنگ 14، لورکن ٹکر 34، کرٹس کیمفر 13، مارک ایڈیر 4، بیری میکارتھی 3، فیون ہینڈ ایک جبکہ ہیری ٹییکٹر اور جارج ڈوکریل بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ، ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست

انگلش بالرز کی جانب سے مارک ووڈ اور لیام لیونگسٹن نے 3، 3 جبکہ سیم کرن 2 اور بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔


ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان جوز بٹلر صفر جبکہ ایلکس ہیلز محض 7 رنز بناکر پویلن لوٹے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بین اسٹوکس 6، ہیری بروک 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈیوڈ ملان نے 35 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں اَپ سیٹ، سری لنکا کو نمیبیا سے شکست

میچ کے اختتامی لمحات میں معین علی نے 12 گیندوں پر 24 رنز بنائے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، بارش کے وقت تک انگلش ٹیم پار اسکور کے 5 دور تھی، جو شکست کا سبب بنا۔

آئرش بارلز کی جانب سے جوش لٹل نے 2 جبکہ بیری میکارتھی، گیرتھ ڈیلانی اور جارج ڈوکریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں قبل ازیں سری لنکا کو نمیبیا جبکہ آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔
Load Next Story