فیروزخان کا اہلیہ پر تشدد کا معاملہ اقراعزیز کا اداکار کیساتھ کام کرنے سے انکار

علیزے سلطان پر تشدد کی گزشتہ روز میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوئی تھی


ویب ڈیسک October 26, 2022
فوٹو فائل

اداکارہ اقراء عزیز نے علیزے سلطان پر تشدد کی تصدیق ہونے پر اداکار فیروز خان کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویزات کے مطابق فیروز خان نے علیزے کو 7 جولائی 2020 کے دن تشدد کا نشانہ بنایا، علیزے نے الزام لگایا کہ فیروز نے انہیں 10 مئی 2021 کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

علیزے سلطان پر تشدد کی تصدیق ہونے پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اقراء عزیز نے فیروز خان کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے ڈرامے 'خدا اور محبت' کی مرکزی اداکارہ اقراء عزیز کا اداکار فیروز خان کے ساتھ آنے والا نیا پروجیکٹ گھریلو تشدد کے باعث کھٹائی میں پڑگیا۔

اقراء عزیز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے نوٹ میں کہا ہے کہ ظلم کے سامنے خاموش رہنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گھریلو تشدد سے متعلق معاشرتی صورتحال بدلنے کے لیے میں نے فیروز خان کے ساتھ آنے والا اپنا نیا پروجیکٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ مشکل لیکن ضروری فیصلہ ہے۔




انہوں نے مزید کہا کہ میرا یہ فیصلہ گھریلو تشدد کے خلاف ایک آواز بنے گا، میں انصاف کے حصول کیلئے آواز اٹھانے والی علیزے سلطان کی حمایت کرتی ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے بھی علیزے سلطان کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اقراء عزیز کے شوہر یاسر حسین نے کہا تھا کہ 'میں گھریلو تشدد کے سخت خلاف ہوں پھر چاہے وہ کوئی سپر اسٹار کرے یا عام آدمی'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔