ایک سال گزر گیا تعمیر مکمل ہونے کے باوجود لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح نہ ہوسکا

پی ایم ٹی کی تنصیب کے لیے ابھی تک کراچی الیکٹرک کمپنی کو 10 لاکھ روپے فنڈز کی فراہمی نہیں کی جاسکی

عوام کو کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہیں، فنڈز جاری کرائیں گے، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد۔ فوٹو: فائل

لانڈھی میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا تعمیراتی کام مکمل ہوئے ایک سال سے زائد عرصہ گذر چکالیکن بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے باعث عوام کیلیے ابھی تک نہیں کھولا جاسکا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد کے مطابق لانڈھی کورنگی کے عوام کھیلوں کی سرگرمیاں شروع نہ ہونے کے باعث اسپورٹس کمپلیکس کے ثمرات سے محروم ہیں،کے ایم سی کے محکمہ مالیات کی جانب سے فنڈجاری نہ کیے جانے کے باعث پی ایم ٹی کی تنصیب کا کام التوا کا شکار ہے،تفصیلات کے مطابق لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کا تعمیراتی کام گزشتہ سال مکمل کرلیا گیا تھا،متعلقہ ادارے کی غفلت کے باعث پی ایم ٹی کی تنصیب کیلیے ابھی تک کراچی الیکٹرک کمپنی کو 10لاکھ روپے فنڈز کی فراہمی نہیں کی جاسکی ،ذرائع کے مطابق ماضی میں صوبائی حکومت کی غفلت، فنڈز کے فقدان ، علاقے میں سیاسی حالات کی خرابی اوراب کے ایم سی کی عدم دلچسپی کے باعث یہ منصوبہ 23 سال سے التواء کا شکار ہے۔


بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام لانڈھی نمبر ایک میں اسپورٹس کمپلیکس کے لیے تعمیرات کا آغاز 1991میں کیا گیا تاہم بعدازاں شہرکے سیاسی حالات خراب ہونے کے باعث یہ منصوبہ سرخ فیتے کا شکار ہوگیا، اس دوران مرکزی عمارت کا انفرااسٹرکچر تعمیر کردیا گیا تھا لیکن تعمیراتی کام 16سال بند رہا، 2007 میں سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے اس منصوبے کو دوبارہ زندہ کرکے تعمیراتی کام کا آغاز کیا، منصوبے پر آنے والی لاگت 10کروڑ روپے صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مختص کرائی گئی، بعدازاں صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث منصوبہ کئی بار سست روی کا شکار ہوا، رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد نے بتایا کہ اس وقت اسپورٹس کمپلیکس اسٹیٹ آف آرٹ اور بین الاقوامی طرز پر تعمیر ہوچکا ہے تاہم بجلی نہ ہونے کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں شروع نہیں کی جاسکیں ہیں، دوبار اسکول وکالج کے لیے کھیلوں کے پروگرام انعقاد کراچکے ہیں تاہم باقاعدہ افتتاح نہیں کیا جاسکا ہے۔

انھوں نے کہاکہ کچھ عرصے قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کراچی الیکٹرک کو فنڈز کی فراہمی کیلیے چیک بنایا تھا تاہم بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث وہ ضائع ہوگیا ، اب دوبارہ کوشش کی جارہی ہے کہ کے ایم سی فنڈز کا اجرا کردے تاکہ اسپورٹس کمپلیکس میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا کر لانڈھی کورنگی کی عوام کو کھیلوں کی تفریح فراہم کی جاسکے، انھوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ، ڈائیور، ٹینس، باسکٹ بال، والی بال اور انڈور کھیلوں میں بیڈمینٹن، ٹارگٹ پریکٹس ، اسکوائش، اسنوکر، ٹیبل ٹینس، جوڈو کراٹے، شطرنج اور کیرم کھیلنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Load Next Story