نیشنل بینک برانچز کا آڈٹ آئندہ ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت

ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز سے رپورٹ بھی طلب کرلی، آڈٹ 10 مارچ کو مکمل کیا جانا تھا

ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز سے رپورٹ بھی طلب کرلی، آڈٹ 10 مارچ کو مکمل کیا جانا تھا۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمشنز کو نیشنل بینک آف پاکستان کی ملک بھر میں قائم 1340برانچز کا آڈٹ آئندہ ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔


ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ فیلڈ فارمشنز کو نیشنل بینک کا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ مکمل کرکے 10مارچ تک رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی تھی جو ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا، اس لیے ایف بی آر نے اب آڈٹ مکمل کرکے آئندہ ہفتے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین ایف بی آرنے تمام نمایاں بینکوں کا ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کا ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے تحت تمام ایل ٹی یوز اورآر ٹی اوزکو نیشنل بینک آف پاکستان کاود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کرنے کا کہا گیا تھا۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ بینکوں کے ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ سے ایف بی آر کو 17ارب روپے کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے اس لیے بینکوں کا آڈٹ جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے اور اس حوالے سے نیشنل بینک کا شروع کیا جانے والا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ مکمل کیا جائے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں آڈٹ مکمل کرکے رپورٹس نہ بھجوانے والے ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
Load Next Story