میشا شفیع کی کورٹ سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور

عدالت نے میشا شفیع کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی


ویب ڈیسک October 27, 2022
فوٹو: فائل

لاہور کی سیشن عدالت نے ہتک عزت کیس میں گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی ایک روز کے لیے حاضری معافی درخواست منظور کرلی۔

ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے نامور گلوکار و موسیقار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی۔

میشا شفیع کی طرف سے بیماری کے سبب حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی اور درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ میشا شفیع جوڑوں میں درد کے باعث جرح کے لیے عدالت میں کھڑی نہیں ہوسکتیں، کیس کی مزید سماعت 20 روز تک کے لیے ملتوی کی جائے۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ میشا شفیع کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں رکھنے کی علی ظفر کی درخواست بھی بلا جواز قرار دی جائے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر میشا شفیع کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ گلوکارہ کا پاسپورٹ عدالتی تحویل میں رکھنے کی درخواست پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ علی ظفر نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے پر میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں