نیپرا کا سی پی پی اے جی کو ایک کروڑ روپے جرمانہ

نیپرا ایکٹ کے تحت سی پی پی اے جی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی

(فوٹو فائل)

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

نیپرا کے مطابق جرمانہ لال پیر اور پاک جن پاور پلانٹس کی لوڈنگ حد میں نظر ثانی پر کیا گیا، سی پی پی اے جی نے اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر اپریل 2021 میں لال پیر اور پاک جن پاور پلانٹس کی لوڈنگ حد 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دی تھی۔


اتھارٹی نے سی پی پی اے جی سے مذکورہ نظر ثانی کی وجوہات کی وضاحت کے لیے استفسار کیا لیکن سی پی پی اے جی اتھارٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔

نیپرا ایکٹ کے تحت سی پی پی اے جی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت سی پی پی اے جی کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور سماعت کا موقع بھی دیا گیا، سی پی پی اے جی کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا اور قواعد و ضوابط کے خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔
Load Next Story