کراچی میں فائرنگ اور تشدد سے خاتون سمیت 6 افراد ہلاک

عیسیٰ نگری میں پیپلز اسٹوڈنٹس کا عہدیدار نشانہ بنا، وزیراعلیٰ اور گورنر نے رپورٹ طلب کرلی


Staff Reporter March 26, 2014
اورنگی مومن آباد10نمبرمیں تیزدھار آلے کے وار سے 45 سالہ محمدافضل ہلاک ہوگیا ۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورتشددکے واقعات میں خاتون سمیت 6افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 25 سالہ زوہیب حسن خان ہلاک ہوگیا، مقتول عزیزآباد بلاک2کارہائشی تھا۔پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے رہنما نجمی عالم نے ایکسپریس کو بتایا کہ زوہیب حسن خان پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کامقامی عہدیدار تھاجبکہ عام انتخابات 2013 میں اس نے PS-106 سے الیکشن بھی لڑا تھا۔گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔کورنگی سیکٹر27/C میں نامعلوم ملزمان کی کارپر فائرنگ سے40 سالہ محمد یاسین ہلاک ہو گیا،مقتول کورنگی نمبر4 کا رہائشی تھا،مقتول سبزی منڈی سے متصل فروٹ منڈی کا آڑھتی تھا۔بلدیہ ٹاؤن نمبر12الیکٹرونک مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے58 سالہ محمدیونس ہلاک ہو گیا ،مقتول اتحادٹاؤن جمعرات بازار کے قریب بلاکB مکان نمبر 296 کارہائشی اور سوئی سدرن گیس کمپنی میں ٹھیکیدار تھا،ملزمان مقتول کے جیب سے60 ہزارروپے سے زائد کی رقم اور موبائل فون لے کرفرارہوگئے۔

اورنگی مومن آباد10نمبرمیں تیزدھار آلے کے وار سے 45 سالہ محمدافضل ہلاک ہوگیا ، افضل نے گھر میں آستانہ کھولا ہواتھا اور وہ تعویذ گنڈے کا کام کرتاتھا،گھر کی نچلی منزل پر اہل خانہ رہائش پذیرہیں۔گلشن اقبال قائداعظم کالونی لیاری ایکسپریس وے کے قریب35سالہ خاتون کی لاش ملی،مقتولہ کونامعلوم ملزمان اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعدگلا گھونٹ کرہلاک کیا،مقتولہ کی شناخت ہوسکی۔بنارس پل کے قریب نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر35سالہ مصطفیٰ عالم کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔

کورنگی صنعتی ایریابلال کالونی ندی کے قریب نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر25سالہ رحیم گل کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔نارتھ کراچی سیکٹر 11/Aمیں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر56سالہ عارف کو زخمی کردیا۔کورنگی سیکٹر 32/C لیبراسکوائرکے قریب کے رہائشی 50سالہ بابوخان کو نامعلوم ملزمان نے گھر سے بلا کر فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔ بلدیہ ٹائون2نمبر میں فائرنگ سے 35 سالہ محمد سمیع،لانڈھی 89 میں 20 سالہ ماجد اور 20 سالہ علی زخمی ہوگئے۔ نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون میں نامعلوم افرادنے 25لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پرپکوان سینٹرپر فائرنگ کردی۔دریں اثنا رات گئے پیرآباد کے علاقے میانوالی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ بدرہلاک ہوگیا ، مقتول دودھ فروش تھا، فوری طور پر واقعے کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں