گرومندر تاوان کی رقم وصول کرنیوالے 2 پولیس اہلکار گرفتار

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکاروں نے کھارادر کے 2 تاجروں کو اغوا کیا تھا


Staff Reporter March 26, 2014
20 لاکھ میں معاملات طے ہوئے، مغوی بازیاب، آئی جی سندھ نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ فوٹو: فائل

پولیس اہلکاروں کا جرائم میں ملوث ہونا کراچی پولیس کے لیے اب کوئی نئی بات نہیں رہا ۔

اغوا برائے تاوان ہو یا گاڑیوں کے چوری و چھینے جانے کا معاملہ ، بھتہ خوری ہو یا اسٹریٹ کریمنلز کی پشت پناہی غرض شاید ہی کوئی ایسا جرم ہو جس میں پولیس اہلکار ملوث یا ان کی سرپرستی نہ ہو۔ایسا ہی واقعہ گزشتہ روز گرومندر پر پیش آیا جہاں 2 تاجروں کی رہائی کے لیے جب ان کے ورثا رقم لے کر پہنچے تو اغوا کاروں کو پولیس موبائل میں دیکھ کر سٹپٹاگئے تاہم پولیس نے رنگے ہاتھوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ کراچی پولیس کے شعبے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے اہلکار ہیں ، اس سلسلے میں اعلیٰ پولیس حکام سے رابطہ کیا گیا تو کسی نے بھی اس معاملے پر بات چیت کرنے سے انکار کردیا تاہم ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں ایس آئی یو کے سربراہ ایس ایس پی فاروق اعوان کے معتمد خاص انسپکٹر چوہدری عامر اور ایک اہلکار شامل ہے۔ کھارادر کے 2 تاجروں کی رہائی کے عوض انھوں نے 20 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں ایس ایس پی ساؤتھ ناصر آفتاب کی اسپیشل ٹیم نے کارروائی کی اور ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جبکہ ان کی نشاندہی پر مغویوں شاہد اور فہیم کو بھی بازیاب کرالیا گیا ، واقعے کے بعد ایس ایس پی فاروق اعوان نے ملوث اہلکاروں کی ایک درجے تنزلی کرنے کے احکام بھی جاری کیے۔ دونوں ملزمان کی برطرفی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم حکام نے تصدیق نہیں کی۔ بعدازاں ملزمان کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کے حوالے کردیا گیا ، سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ اقبال محمود نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی ہدایت کی ، اس ضمن میں ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان علی خواجہ کو تحقیقات افسر مقرر کرتے ہوئے انھیں 3 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے ، علاوہ ازیں نبی بخش کے علاقے میں پولیس اہلکار اعجاز کو اسلحہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکام جاری کردیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں