جیب میں سمانے والا وائرلیس اوریگامی ماؤس

ایئر زیرو ماؤس کھل کر سپاٹ ہوجاتا ہے اور دنیا کا ہلکا ترین وائرلیس ماؤس بھی ہے


ویب ڈیسک October 31, 2022
صرف 40 گرام وزن کا بلیوٹوتھ وائرلیس اوریگامی ماؤس استعمال کے بعد تہہ کرکے جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔ فوٹو: نیو اٹلس

کمپیوٹر ہارڈویئر تیزی سے بدل رہے ہیں لیکن ماؤس میں بہت کم تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اب ایک کمپنی نے ایسا وائرلیس اوریگامی ماؤس بنایا ہے جو اوریگامی انداز میں کھلتا اور بند ہوتا ہے۔ اسے ضرورت کے وقت کھول کر استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ کام مکمل ہونے پر موٹے کاغذ کی طرح ہموار ہوجاتا ہے۔

اگرچہ پھیلنے اور سکڑنے والے ماؤس بن چکے ہیں لیکن ایئر زیروماؤس کھل کر ایک مکمل ماؤس بن جاتا ہے اور بلیوٹوتھ کی وجہ سے تیز رفتار انداز میں کام کرتا ہے۔

اسے ہانگ کانگ کے ڈیزائنر ہوریس لیم نے تیار کیا ہے جو اس وقت کراؤڈ فنڈنگ کے مراحل سے گزر رہی ہے۔ اس کا وزن صرف 40 گرام ہے اور فولڈ ہونے کے بعد بھی اس کی موٹائی صرف ساڑھے چار ملی میٹر ہے۔



اس کے لیے ہموار شیٹ کو صرف موڑنا ہوتا ہے اور وہ سہ ابعادی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ اس شکل کو ایک مقناطیسی فیتے سےجوڑا جاتا ہے۔ اس کے بعد اسے عام ماؤس کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے جن میں دائیں اور بائیں بٹن ہیں اور درمیان میں اسکرول پیڈ بھی ہے۔

چمڑے کی اوپری سطح کی بنا پر یہ مکمل طور پر واٹرپروف ہے اور اطراف میں ٹھوس پلاسٹک لگایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماؤس آسانی سے حرکت کرسکتا ہے۔

ایک مرتبہ چارج ہونے پر ماؤس کی بیٹری تین ماہ تک کارآمد رہتی ہے کیونکہ اس میں 500 ایم اے ایچ کی لیتھیئم پالیمر بیٹری ہے۔ اس کی ٹریکنگ رفتار 30 انچ فی سیکنڈ ہے اور تمام بلیو ٹوتھ آلات اور کمپیوٹر کے ساتھ کام کرسکتا ہے۔

ایئر زیرو ماؤس 12 رنگوں میں دستیاب ہے اور قیمت 49 ڈالر رکھی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں