سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے قتل کا ملزم گرفتار

جسٹس (ر) نور محمد مسکان زئی کے قتل کے احکامات ایران میں موجود تنظیم کے کمانڈر نے دیئے تھے

قتل کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی تھی، دہشت گرد نے اعتراف کیا ہے کہ اسے ہمسایہ ملک ایران سے اس قتل کے احکامات ملے تھے (فوٹو : سوشل میڈیا)

بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس نور محمد مسکان زئی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، قتل کےاحکامات ایران میں موجود تنظیم کے کمانڈر نے دیئے تھے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نورمحمد مسکانزئی کو شہید کرنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کا نام شفقت اللہ ہے جس نے بلوچستان کے علاقے خاران میں چیف جسٹس کو شہید کیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کے قتل کے بعد اعلیٰ سطح جوڈیشل کمیشن بھی بنایا گیا، تحقیقات کے بعد دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے سابق چیف جسٹس کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے، قتل کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی تھی، دہشت گرد نے اعتراف کیا ہے کہ اسے ہمسایہ ملک ایران سے اس قتل کے احکامات ملے تھے۔




اعتزاز گورایہ نے مزید کہا کہ دوران تفتیش ملزم نے مزید دہشت گردانہ کارروائیوں کا بھی اعتراف کیا ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔



وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
Load Next Story