سیلاب متاثرہ بچوں کی تعلیم کیلیے عالمی برادری ہمارا ساتھ دے وزیر تعلیم سندھ

ہمارے پاس اچھے اساتذہ موجود ہیں جو ہر قسم کے حالات میں بچوں کو پڑھا سکتے ہیں،سید سردار شاہ


عائشہ خان October 29, 2022
فوٹو: ایکسپریس

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب متاثرین بچوں کی تعلیم و تربیت کی بحالی کے لیے ہمارا ساتھ دے۔

یونیسیف کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے اساتذہ موجود ہیں جو ہر قسم کے حالات میں بچوں کو پڑھا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ یونیسیف نے سندھ میں دو ہزار ہے زائد ٹیمپریری لرننگ سینٹرز قائم کرنے میں مدد کی، اس وقت تدریسی عمل کو بحال رکھنے کے لیے ہمیں 20 ہزار ٹینٹ کلاس رومز کی ضرورت ہے۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر ہم کمزور عمارتوں میں بچوں کو نہیں بٹھا سکتے، اس وقت بچوں کی غذائی قلت، چائلڈ پروٹیکشن اور ان کے نفسیاتی مسائل کے حوالے سے بھی سوچنا ہے۔

اس موقع پر یونیسف ہیڈ کوارٹر کے شعبہ تعلیم کے گلوبل ڈائریکٹر رابرٹ گورڈن جینکنز نے کہا کہ سیلاب کے بعد محمکہ اسکول ایجوکیشن نے بروقت اقدامات کئے۔

انہوں نے نقصان کے متعلق اسکول ایجوکیشن کے سروے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی اپنے علاقوں کی طرف واپسی کے بعد تعلیمی سلسلے کو بحال رکھنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

اس موقع پر وفد نے محکمہ تعلیم سندھ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ گلوبل پارٹنرز، کمیونٹیز اور فورمز پر سندھ کی تعلیم کی بحالی کے لیے کیس پیش کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |