صومالیہ وزارت تعلیم کے دفتر میں 2 کار بم دھماکوں میں 100 افراد ہلاک
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 300 ہوگئی
صومالیہ کی وزارت تعلیم کے دفتر میں دو کار بم دھماکوں میں 100 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دارالحکومت موغادیشو میں دو کار بم دھماکوں نے صومالیہ کی وزارت تعلیم کے دفتر کو ہلا کر رکھ دیا۔ پولیس افسر ابراہیم محمد نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی وزارت کے احاطے میں داخل ہوئی اور اس کے بعد فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ چند منٹوں میں اسی جگہ میں ایک اور دھماکا ہوا۔ غیرملکی خبررساں ادارے 'اے پی پی' نے بتایا کہ "بہت سی لاشیں" وقوعہ پر موجود تھیں اور وہ عام شہری دکھائی دیتے ہیں جبکہ دوسرا بم دھماکہ ایک مصروف ریستوراں کے سامنے ہوا۔
وزارت کی حفاظت کرنے والے ایک پولیس افسرنے بتایا کہ وزارت تعلیم کے دفتر کے پاس ہی ایک مارکیٹ تھی جہاں کافی رش تھا جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے اپنے بیان میں 100 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کم از کم 300 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو درجن سے زائد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔