خاتون رپورٹر کی ہلاکت عمران خان نے تیسرے دن کا لانگ مارچ ختم کردیا

شہباز شریف ! میں ان سے بات کرتا ہوں جن سے ملنے آپ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر جایا کرتے تھے


ویب ڈیسک October 30, 2022
فوٹو : عمران خان/فیس بک

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر کی کنٹینر کے نیچے آکر ہلاکت کے بعد تیسرے دن کے لانگ مارچ کو ختم کردیا، چوتھے دن کے لانگ مارچ کا آغاز کل گوجرانوالہ سے کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے تیسرے روز کا لانگ مارچ مرید کے سے شروع ہوا، جہاں عمران خان نے کارکنان سے خطاب بھی کیا، اس کے بعد قافلہ سادھوکی پہنچا تو خاتون رپورٹ کی ہلاکت کا واقعہ پیش آگیا جس پر عمران خان نے مارچ کو اسی مقام پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ سادھوکی سے کامونکی پہنچا تو عمران خان نے خاتون رپورٹ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تیسرے دن کا لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث کامونکی میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

لانگ کے باعث کل سوموار کو جی ٹی روڈ پر قائم تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کامونکی سے لیکر راہوالی والی تک گرلز اور بوائز کے تعلیمی ادارے کل بند رہے گے، لانگ مارچ کی وجہ سے شہر کے تمام کالجز بھی ایک روز کیلئے بند ہوں گے۔

اس حوالے سے محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ فیصلہ طلبہ وطالبات کی حفاظت کیلئے کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی لانگ مارچ کل گوجرانوالہ میں داخل ہوگا۔

یہ حق کی آواز اٹھانے والوں کو ڈراتے ہیں، رانا ثنا اللہ ہمیں دھمکیاں نہ دو، عمران خان شرکاء سے خطاب

سادھوکی میں عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سادھوکی کا اپنی اور اپنی ٹیم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں، سب سے خوش آئند بات ہے آپ سب اس لانگ مارچ میں شرکت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں ایک فرق ہوتا ہے، جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، اگر انسانوں کے معاشرے میں انصاف نہیں وہ جانوروں کا معاشرہ بن جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے سب پیغمبر ایک چیز مانگتے تھے وہ تھا انصاف، میرے پاکستانیوں آج پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں جانوروں کا نظام ہے، چور اور ڈاکو ملک پر مسلط ہیں جنہوں نے چھ ماہ میں مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اربوں روپے دیکر لوگوں کے ضمیر خریدے اور لوٹے بنا دیئے، میں اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں پہلے تم کہتے تھے یہ چور ہیں، اگر چور تھے تو اب کیسے ان کے ساتھ ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ حق کی آواز اٹھانے والوں کو ڈراتے ہیں، آج مزید دو صحافی معید پیرزادہ اور صابر شاکر ملک سے باہر چلے گئے، اس ملک کا نمبر ون صحافی جو راہ حق پر کھڑا تھا وہ ارشد شریف شہید تھا، اس کو چینل سے نکالا گیا اور بیرون ملک اس کو شہید کردیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اعظم سواتی کو بلوایا، آپ سنیں گے یہ کیسے اعظم سواتی کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، پچھتر سالہ سینٹر اعظم سواتی کو پوتے پوتیوں کے سامنے مارا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے کیا کیا تھا ایک ٹویٹ کردیا تھا جس کی اس کو سزا دی گئی، عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ ہمیں دھمکیاں نہ دو، رانا ثنا اللہ نے اٹھارہ قتل کئے، شہباز نے اربوں معاف کروائے، نواز ملک کو چھوڑ گیا، آصف زرداری پیسے نہیں چھوڑتا۔

یہ پڑھیں : عمران خان اس ادارے کیخلاف بات کرتا ہے جس نے اسے پالا پوسا، وزیراعظم

سادھوکی میں خاتون رپورٹر عمران خان کے کنٹینر سے گرکر ہلاک

دریں اثنا تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا سفر کامونکی کی طرف روانہ ہوا اور وہاں سے سادھوکی پہنچا تو نجی ٹی وی سے منسلک خاتون رپورٹر صدف نعیم دھکا لگنے سے کنٹینر سے نیچے گر گئیں۔

صدف نعیم کنٹینر سے گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جس کے بعد تیسرے دن کے لانگ مارچ کو وہیں ختم کردیا گیا، چوتھے دن کا لانگ مارچ گوجرانوالہ سے شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں