نجی کمپنی کے ملازمین کی ہلاکت کا معاملہ مقدمے میں نامزد 4 ملزمان گرفتار

مقدمے میں نامزد 11 افراد کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس


ویب ڈیسک October 30, 2022
—فائل فوٹو

مچھر کالونی کے علاقے ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کی ہلاکت کے بعد پولیس نے مقدمے میں نامزد 4 ملزمان کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، 2 دن میں 42 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او ڈاکس پرویز سولنگی نے بتایا کہ ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازم سگنل چیک کرنے آئے تھے واپس کا راستہ بھول گئے اور ایک بچے سے باہر نکلنے کا راستہ پوچھنے لگے۔

انہوں نے تفصیلات بتائیں کہ اس دوران ایک ٹولے نے شور مچا دیا کہ مذکورہ گاڑی والے بچے کو اغوا کررہے ہیں، شرپسندوں نے اسحاق پہنور اور ایمن جاوید کو بہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا مدعی نے مقدمے میں 15 افراد کو نامزد کرایا ہے ان میں سے 4 افراد کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا جبکہ مقدمے میں نامزد 11 افراد کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مسجد کے مہتم سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، ایس ایچ او

ایس ایچ او ڈاکس پرویز سولنگی نے دونوں افراد کے قتل میں مسجد کے مہتم کے مبینہ کردار سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کی تردید کردی۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر سراسر بے بنیاد اور من گھڑت ہے، مسجد کے مہتم نے ٹیلی کام کمپنی کے دفتر میں فون کرکے بتایا تھا کہ ان کے دو ملازمین کو شرپسند عناصر تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام کمپنی نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تھی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور ہجوم کے چنگل سے دونوں افراد کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا لیکن بدقسمتی سے دونوں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں