کراچی گھر میں سوئی گیس لیکیج سے دھماکا5بچے اوروالدین جھلس گئے

آتشزدگی کے نتیجے میں گھر کی دیواریں اور چھت منہدم ہوگئیں


Staff Reporter October 31, 2022
آگ سے جھلسنے والے خاندان کو اسپتال منتقل کردیا گیا:فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گیس لیکیج سے دھماکے میں 5 بچوں سمیت 7 افراد جھلس گئے۔

اورنگی ٹاؤن کی ملت کالونی کے ایک گھر میں سوئی گیس لیک ہونے کے باعث دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں میاں ،بیوی اور 5 بچے جھلس گئے۔آتش زدگی کے باعث گھر کی دیواریں اور چھت منہدم ہوگئیں۔

ریسکیو ورکرز نے علاقہ مکینوں کی مدد سے گھر سے 7 افراد کو نکال کر ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع تاخیر سے دی گئی تاہم جیسے ہی اطلاع موصول ہوئی فائربریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچی تاہم علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پالیا تھا۔

فائرفائٹرز نے آگ بجھنے کے باوجود پورے گھر کا معائنہ کیا کچھ مقامات پر چنگاریاں موجود تھیں انہیں ٹھنڈا کر دیا گیا۔ آتش زدگی سے جھلس کر زخمی ہونے والوں میں گھر کے سربراہ 50 سالہ ریاض ولد امیر الدین 80 فیصد، ان کے دو بیٹے 26 سالہ علی رضا 50 فیصد ، 16 سالہ انس رضا 40 فیصد اور 14 سالہ اویس رضا 14 فیصد جھلسے ہیں جبکہ ریاض کی اہلیہ 50 سالہ حسن آرا اور دو بیٹیاں 22 سالہ علیزا اور 14 سالہ اریبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں گیس لیک ہوتی رہتی ہے اور پہلے بھی آگ لگنے کے واقعات ہوچکے ہیں۔ گیس کمپنی میں متعدد بار شکایات درج کرائی ہیں تاہم اب تک گیس لیکج کو ختم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔