پی ٹی آئی کا چوتھے دن کا لانگ مارچ گوجرانوالہ میں ختم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج میری نااہلی ختم کردی، عمران خان کا دعویٰ


ویب ڈیسک October 31, 2022
لانگ مارچ رات تک گوجرانوالہ پہنچے گا۔

تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج چوتھے روز کامونکی سے شروع ہوا جو گوجرانوالہ چن دا قلعہ میں ختم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کا اسلام آباد کی جانب مارچ پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں جاری ہے، جمعہ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کا آج چوتھا روز تھا، آج کا مارچ کامونکی سے شروع ہوا جو چن دا قلعہ میں ختم ہوگیا۔

عمران خان نے گوجرانوالہ چن دا قلعہ کے قریب اپنا آج کا آخری خطاب کیا اب کل پانچویں روز مارچ گوجرانوالہ سے شروع ہوگا۔ اگلی منزل کل وزیر آباد ہوگی اور رات تک گجرات پہنچے گا۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کامونکی میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، چیف جسٹس اعظم سواتی کے ساتھ ساتھ شہباز گل کا بھی کیس سنیں، جو صحافی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر دس ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا چیف الیکشن کمشنر سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، تم شریف خاندان کے گھر کے نوکر ہو، الیکشن کمیشن نے مجھے نااہل قرار دیا، میری دیانت داری پر سوال اٹھایا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج میری نااہلی ختم کردی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ فوری معطلی کی استدعا مسترد

انہوں نے کہا کہ سب کو نظر آ رہا ہے انقلاب کتنی تیزی سےاسلام آباد کی طرف بڑھ رہا ہے، شہباز شریف میں پیغام ان کو دے رہا ہوں جنہوں نے تمھیں اجازت دی اوپر بیٹھنے کے لیے، جو بھی چوروں کے ساتھ ملے گا وہ ان کے ساتھ رنگا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، جنہوں نے چوروں کو ہم ہر مسلط کیا، جن کے پاس اختیار ہے، دیکھ لیں آج قوم کہاں کھڑی ہے، اسٹیبشلمنٹ اپنے ملک کی قوم کیخلاف کھڑی نہیں ہوتی، آپ نے ان چوروں شریف اور زرداری خاندانوں کو ڈرائی کلین کرکے ہم پر مسلط کردیا، بند کمروں میں فیصلہ کرتے ہیں، پہلے فیصلہ کیا یہ چور ہیں پھر پاک کردیا پھر کہا چور ہیں پھر پاک کردیا، تاکہ قوم دوبارہ ان کے پیچھے لگ جائے، خدا کے واسطے ہمیں جانور نہ سمجھو ،ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہم انسان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اگر میری موت لکھی ہے تو مجھے ارشد شریف والی موت دے گیدڑ والی موت نہ دے۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی نئی حکمت عملی طے کرلی گئی۔ مارچ کے اگلے شیڈول سے سندھ، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا۔

چاروں صوبوں کی قیادت اور منتظمین کو جمعہ کی صبح روات یا اسلام آباد کے قریب پہنچنے کے احکامات دیدیے گئے۔ پی ٹی آئی سندھ کا قافلہ آج کراچی سے براستہ حیدر آباد،‏ سکھر، ملتان موٹروے سے اسلام آباد پہنچے گا، آخری اطلاعات تک قافلہ ہالا پہنچ چکا تھا۔

عوام کو زیادہ سے زیادہ شریک کرنے کے لئے جی ٹی وی روڈ کے ملحقہ قصبوں، شہروں میں بھی لانگ مارچ کا مختصر قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگلی منزل کل وزیر آباد ہوگی اور رات تک گجرات پہنچے گا۔

بدھ والے دن گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے دور دراز کے کچھ اضلاع کے قافلے اپنا سفر شروع کریں گے۔ جمعرات کو عمران خان جہلم یا گوجرخان میں لانگ مارچ کے ہمراہ قیام کریں گے۔

جمعرات کو ہی جنوبی پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے قافلے راولپنڈی کی جانب روانہ ہونگے۔ جمعہ کو روات سے راولپنڈی شہر پہنچ کر قافلہ اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں