اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی ہائیکورٹ پہنچ گئی
سپریم کورٹ کے مطابق پی ٹی آئی سری نگر ہائے وے پر جلسہ کر سکتی ہے مگر انتظٖامیہ نے تاحال اجازت نہیں دی، پی ٹی آئی
تحریک انصاف نے دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں وزارت داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت خراب حالات اور بدانتظامی کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی سری نگر ہائے وے پر جلسہ کر سکتی ہے۔
یہ پڑھیں : اسلام آباد دھرنے کیلیے این او سی میں تاخیر توہین عدالت ہوگی، پی ٹی آئی
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کے کیلئے درخواست گزار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے رجوع کیا، 26 اکتوبر کو خط لکھا گیا لیکن تاحال این او سی نہیں ملا، ڈپٹی کمشنر بلاوجہ معاملے کو طول دے رہے ہیں، احتجاج اور آزادی اظہار رائے آئینی حق ہے، ڈپٹی کمشنر کو این او سی کے اجراء کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے ڈی سی اسلام آباد کو لانگ مارچ و دھرنے کی درخواست جمع کروا دی
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو ہراساں نہ کیا جائے، آئی جی اسلام آباد کو خصوصی سیکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔