کراچی گیس لیکج دھماکے میں جھلسنے والے میاں بیوی جاں بحق 2 بچوں کی حالت نازک

گیس لیکج کے باعث پورا علاقہ بارود کا ڈھیر بنا ہوا ہے، شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اہل محلہ


Staff Reporter November 01, 2022
شوہر کے دم توڑنے کے ایک گھنٹے بعد اہلیہ بھی خالق حقیقی سے جاملی (فوٹو فائل)

اورنگی ٹاؤن میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکے میں جھلسنے والے خاندان کا سربراہ اور اس کی اہلیہ اسپتال میں دم توڑ گئے جب کہ دو بیٹوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی؛ گھر میں سوئی گیس لیکیج سے دھماکا،5بچے اوروالدین جھلس گئے

سیکٹر ساڑھے گیارہ ملت کالونی بلاک جے قبا مسجد کے قریب گھر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والے گھر کے سربراہ 50 سالہ ریاض ولد امیر الدین نے پیر کی شب سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق متوفی دھماکے میں 80 فیصد تک جھلس گیا تھا۔ ریاض کے جاں بحق ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد اس کی اہلیہ حسن آرا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی جبکہ 2 بیٹوں 26 سالہ علی رضا اور 16 سالہ انس رضا کی حالت بھی انتہائی تشوشناک بتائی جاتی۔ایک بیٹا اور 2 بیٹیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا کہ گھر کے سربراہ اور 2 بیٹوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ خاتون اس کی 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اہل علاقہ نے بتایا کہ پورا علاقہ گیس لیکج کی وجہ سے بارود کا ڈھیر بنا ہوا ہے اور اس بات کی گزشتہ 3 سال سے شکایت بھی کر رہے ہیں۔ گیس کمپنی کے ملازم ایک مرتبہ آکر نشاندہی کرکے گئے تھے، تاہم اس کے بعد کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں