ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اضافہ

گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 35روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 134روپے اضافہ

فوٹو:فائل

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے نومبر 2022 کے لیے ایل پی جی کی فی ٹن پیداواری قیمت بڑھا کر 2لاکھ 4ہزار 166روپے مقرر کیے جانے کے باعث ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت میں 2روپے اضافہ ہوگیا۔

اوگرا کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 35روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 134روپے اضافہ کر دیا گیا۔

اضافے کے نتیجے میں فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر 204روپے، گھریلو سیلنڈر کی قیمت بڑھ کر 2409روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت بڑھ کر 9269روپے ہوگئی۔


ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا ہے اور موسم سرما کے دوران قدرتی گیس کا تاریخ ساز شاٹ فال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب صارفین کو ریلیف دینے کے لیے حکومت ایل پی جی پر عائد تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے تاکہ لوگوں کو سستی گیس کی سہولت مل سکے۔

عرفان کھوکھر نے کہا کہ جے جے وی ایل کی بندش سے نہ صرف حکومت کو اربوں روپے مالیت کے ریونیو کا نقصان کا سامنا ہے بلکہ عوام بھی سستی گیس کی سہولت سے محروم ہوگئی ہے لہٰذا اس دوطرفہ نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر جے جے وی ایل کو آپریشنل کیا جائے۔

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں سوئی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایل پی جی امپورٹ کی جامع پالیسی بنائی جائے اور ایل پی جی کی مقامی آٹوموٹیو سیکٹر میں کے استعمال کو قانونی بنایا جائے۔
Load Next Story