پاؤڈر سے بنا 3 ہزار لیٹر جعلی دودھ لے جانیوالا ٹرک سپلائی سے قبل پکڑا گیا

خام مال سے مزید 20 ہزار لیٹر دودھ تیار ہونا تھا، 4مکسنگ مشینیں، 2 پمپس،گیس سلنڈر اور پلاسٹک ڈرمز ضبط، مقدمہ درج


ویب ڈیسک November 01, 2022
گھر سے 50 کلو گلوکوز، 9 ڈرم استعمال شدہ آئل اور 50 بوریاں پاؤڈر بھی برآمد کرلیا گیا

صوبائی دارالحکومت کے قریب قصور روڈ پر کنگن پور میں پاؤڈر سے بنا 3 ہزار لیٹر جعلی دودھ سپلائی کے لیے لے جانے والا ٹرک پکڑا گیا۔

حکام کے مطابق متعلقہ محکمے کی ٹیم نے ایک گھر پر چھاپا مارا، جہاں سے 3 ہزار لیٹر تیار جعلی دودھ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گھر سے 50 کلو گلوکوز، 9 ڈرم استعمال شدہ آئل اور 50 بوریاں پاؤڈر بھی برآمد کرلیا گیا۔ اس خام مال سے مزید 20 ہزار لیٹر دودھ تیار ہونا تھا۔ ٹیموں نے گھر میں رکھی 4مکسنگ مشینیں، 2 پمپس،گیس سلنڈر اور پلاسٹک ڈرمز ضبط کرلیے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر صبح 3 بجے شروع کی گئی ناکا بندی کے نتیجے میں اگلی رات 12 بجے کارروائی مکمل ہوئی۔جہاں استعمال شدہ آئل میں پاوڈر اور کیمیکلز ڈال کر جعلی دودھ تیار کیا جا رہا تھا۔جعل سازوں اشرف ،وقار اور وسیم کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ خفیہ مقام پر مکسنگ مشین میں پاوڈر، کیمیکلز اور گندا تیل ڈال کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جعلی دودھ بنانے والے عناصر کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔شہری اپنے اردگرد خوراک کے حوالے ہونے والی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھیں۔عوام تک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے نیا نظام اور قوانین لا رہے ہیں۔ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کے کاروبار بند اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں