نواز اور زرداری پی ٹی آئی کو فوج سے لڑوانے کی سازش کررہے ہیں عمران خان

اسلام آباد پہنچیں گے تو ہزاروں پولیس اہلکار ہمارے لانگ مارچ میں شامل ہوجائیں گے، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک November 01, 2022
ملک میں آج پھر مشرقی پاکستان والی سازش دہرائی جارہی ہے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری پی ٹی آئی کو فوج سے لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔

عمران خان نے گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ملک کو ٹوٹتے دیکھا تھا، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا جو الیکشن جیت گئی تھی لیکن مشرقی پاکستان کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا گیا، کیونکہ یہاں ایک سیاست دان نے اپنی کرسی کےلیے سازش کرکے انہیں ان کا حق نہیں دیا، اس نے فوج کو اس پارٹی کیخلاف کھڑا کردیا جس کے نتیجے میں ملک ٹوٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر لندن میں بیٹھا بھگوڑا نواز شریف اور ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ملکر سازش کررہے ہیں، کہ ملک کی سب سے جماعت پی ٹی آئی اور فوج و اسٹیبلشمنٹ کو ایک دوسرے کیخلاف کھڑا کریں، یہ ملک کیخلاف سازش ہے، سارے چوروں کا مقصد فوج کا پی ٹی آئی سے ٹاکرا کرانا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری کے پیچھے سندھ آرہاہوں، نواز شریف تم واپس آؤ الیکشن لڑو میرا چیلنج ہے تمہیں میں تمہارے حلقے میں ہرا کر دکھاؤں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نوازشریف نہیں کہ ملک سے فرار ہوجاؤں، میراجینا مرنا پاکستان میں ہے، نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی اور باہرگئے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سب مل کر ڈاکو نواز کا استقبال کریں گے اور سیدھا ایئرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کر جائیں گے، ہماری تحریک، ساری قوم چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہی ہے کہ آپ نے ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔

گوجرانوالہ کے سپر ایشیا پوائنٹ پر عمران خان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'شہباز شریف بزدل اور نواز شریف اُس سے بھی زیادہ بزدل آدمی ہے، رانا ثنا اللہ جیسا دو ٹکے کا آدمی ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، دراصل عوام کو دیکھ کر رانا ثنا کا پسنہ چھوٹ رہا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سندھ سے 30 ہزار پولیس اہلکار بلا کر تعینات کردیے، جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو یہ اہلکار ہمارے مارچ میں شریک ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں