جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے سپریم کورٹ میں عمران خان کے لانگ مارچ کیخلاف آئینی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاق، چاروں صوبوں، عمران خان اور تحریک انصاف کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ تحریک انصاف نے رواں سال 25 مئی کو سپریم کورٹ کو کرائی یقین دہانی کی خلاف ورزی کی تھی، 2014 میں بھی تحریک انصاف نے ریڈ زون میں دھرنا دیکر یرغمال بنایا، اب تحریک انصاف ایک بار لانگ مارچ اسلام آباد لا رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان لانگ مارچ کو جہاد کا نام دیکر نوجوانوں سے حلف لے رہے ہیں ، وہ اداروں سے تصادم چاہتے ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضی نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ وفاق اور صوبوں کو حکم دیا جائے کہ لانگ مارچ کے دوران عوام کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہو، جلسہ اسلام آباد کی آبادی سے باہر ہوں، تحریک انصاف کا دھرنا یا ریلی غیر معینہ مدت تک نہ ہو، اور اسے احتجاج سے متعلق قوانین اور پیرامیٹرز پر عمل کا حکم دیا جائے۔