اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان کو شکست
ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا
ملائشیا میں کھیلے جارہے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چار گول سے شکست دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملائشیا کے شہر ایبوہ میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ ہوا، جس میں ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا۔
ساؤتھ افریقہ کی جانب سے 25 ویں منٹ میں ٹریور جونیئر نے، 27 ویں منٹ میں کینور نے، 38 ویں منٹ میں سینزویسی نے، 43 ویں منٹ میں کیمرون نے گول اسکور کیا، جب کہ پاکستان کی جانب سے واحد گول 47 ویں منٹ میں حنان شاہد نے اسکور کیا۔
مذکورہ ایونٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، ساوتھ افریقہ اور مصر شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 2 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے ملائشیا سے، تیسرا میچ 4 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے جاپان سے اور چوتھا میچ 5 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے دوپہر کوریا سے جب کہ پانچواں میچ 7 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجے دوپہر مصر کیساتھ کھیلے گا، ایونٹ راؤنڈ رابن لیگ طرز پر کھیلا جائیگا۔