بھارتی مسافر طیارے کی نوابشاہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

طیارہ ابوظبی سے دہلی جارہا تھا،فنی خرابی کے باعث اتارا گیا،130افراد سوار تھے

نوابشاہ :ہنگامی لینڈ نگ کرنیوالا بھارتی طیارہ اور مسافروں کو لینے کیلیے آنیوالا طیارہ ایئرپورٹ پر کھڑا ہے۔ فوٹو ایکسپریس

ابوظبی سے بھارت جانے والے مسافر طیارے کو فنی خرابی کے باعث اتوار اور پیر کی درمیانی شب نوابشاہ ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت130 مسافر سوار تھے، ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ایئربس319 پرواز نمبر940 ابوظبی سے دہلی جارہا تھا۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اتوار اور پیر کی درمیانی شب3 بجے طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر طیارے کے کپتان نے سول ایوی ایشن کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا نواب شاہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی جس پر بھارتی طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، بھارتی کپتان نے طیارے کو نواب شاہ ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارلیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع بھارت کو بھی دی جبکہ سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن ندیم یوسف زئی نے بھارتی مسافر طیارے کی نواب شاہ میں ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع وزرات دفاع کو دی جس پر سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے مسافروں اور ایئر انڈیا کو اپنے ہر ممکن تعاون و امداد کی پیشکش کی اور طیارے کے کپتان، عملے اور مسافروں کو تواضع اور دیگر ضروری اشیا کی بھی پیشکش کی گئی تاہم بھارتی کپتان نے مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی جس کے باعث تمام مسافر متبادل پرواز آنے تک طیارے میں انتظار کرتے رہے۔


اس دوران بھارتی کپتان نے سول ایوی ایشن حکام سے منرل واٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر بھارتی طیارے کے تمام مسافروں اور عملے کے لیے پانی فراہم کردیا گیا، نواب شاہ ایئرپورٹ پر پاکستانی حکام کی جانب سے مسافروں کو کھانے اور لاونج میں آنے کی بھی پیشکش کی گئی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان پرویز جارج کے مطابق تمام مسافر طیارے میں ہی رہے اور متبادل طیارے کا انتظار کرتے رہے، ایئر انڈیا کا متبادل طیارہ ایئربس320 پیر کی دوپہر نواب شاہ ایئرپورٹ پہنچا جس میں8 بھارتی ائیرکرافٹ انجینئر اور ٹیکنیشین شامل تھے، سول ایوی ایشن حکام نے تمام مسافروں کو متبادل طیارے میں منتقل کیا جس کے بعد ایئر انڈیا کا متبادل طیارہ 3بج کر17 منٹ پر تمام مسافروں کو لے کر نئی دہلی روانہ ہوگیا، پرویز جارج نے بتایا کہ بھارتی طیارہ تقریباً12 گھنٹے نواب شاہ ایئرپورٹ پر موجود رہا۔

دوسرا طیارہ12 بجے نواب شاہ پہنچا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ترجمان سلطان حسن نے بتایا کہ بھارتی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے بھی اپنے مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی، نواب شاہ سے نامہ نگار کے مطابق ایس ایس پی ولی نثار چنا نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے میں سوار مسافروں کے لیے ناشتہ فراہم کیا گیا تھا مگر طیارے کے کپتان سنیل کمار نے شکریے کے ساتھ واپس کردیا، خراب ہونے والی پرواز کے مسافروں کو لینے کے لیے پہنچنے والا ایئر انڈیا کا طیارہ ایئربس 320 پیر کی دوپہر ایک بجے نواب شاہ پہنچا تھا جو مسافروں کو لے کر دوپہر 3بجے واپس بھارت روانہ کردیا گیا، متبادل طیارے کے ساتھ آنے والے 8بھارتی انجینئرز و ٹیکنیشن نے ایک گھنٹے میں خراب طیارے کی مرمت کی جس کے بعد وہ بھی واپس روانہ ہوگئے۔
Load Next Story